28 مارچ 2013 - 19:30

بریکس کے رہنماؤں نے تہران کے خلاف دھمکیوں کی مخالفت کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی معاملے کو سفارتی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

 اطلاعات کے مطابق نئي ابھرتی اقتصادی طاقتوں کے گروپ " بریکس " کا دو روزہ سربراہی اجلاس کل شام جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ایک بیان جاری کئے جانے کے بعداختتام پذیر ہوگيا ۔ بیان میں بریکس کے رہنماؤں نے تہران کے خلاف ہر طرح کی دھمکی کی واضح مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی معاملے کو صرف سفارتی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیئے۔ بریکس کے بیان میں ایران کے خلاف پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایٹمی توانائی سے پرامن استفادے پر مبنی ایران کے حق کو تسلیم کیا گیا ہے۔ بریکس کا پانچواں سربراہی اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں منگل کو شروع ہوا تھا جو کل شام اختتام پذیر ہوگيا۔ برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ، بریکس کے رکن ممالک ہیں۔........./242